ایشیا کپ نہ ہونے کی صورت میں پلان بی کیا ہوگا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ممکنہ طور پر ایشیا کپ نہ ہونے کی صورت میں پلان بی پر غور شروع کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوچ وبچار شروع کردی ہے کہ ورلڈکپ کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کو مصروف کس طرح رکھا جائے۔ اس سلسلے میں پی سی بی کی جانب سے مختلف ٹیموں کی مصروفیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پلان ترتیب دیا جانے لگا۔ پی سی بی نے ہوم گراؤنڈ پر 3 ملکی سیریز کرانے کا ارادہ کیا ہے اور بورڈ نے اس کے لیے مختلف بورڈز سے رابطے شروع کردیے ہیں جب کہ ساتھ ہی بورڈ کی جانب سے کچھ ٹیموں کی مصروفیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ایشیاکپ ستمبر میں شیڈول ہے، کچھ ٹیمیں بھارتی کنڈیشن سے ہم آہنگ ہونے کیلئے پاکستان میں کھیلنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے اور وہ یہ ایونٹ پاکستان میں کرانے کا خواہشمند ہے جب کہ بھارتی ٹیم کی عدم دستیابی پر پی سی بی ہائبرڈ ماڈل بھی پیش کرچکا ہے۔ تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی بھی چیز فائنل نہیں ہو سکی ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل میں ایشیا کپ کے ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے ورلڈ کپ کا شیڈول بھی تاخیر کا شکار ہے۔

مزید پڑھیں:  تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان کو 279رنز کا ہدف