پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا میچ

انڈر19، پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا میچ بھی جیت لیا

بنگلہ دیش کے دورے پر موجود پاکستان انڈر19 کی ٹیم نے میزبان بنگلہ دیش انڈر19 ٹیم کو دوسرے ون ڈے میچ میں بھی ہرا دیا ہے۔ گرین شرٹس دوسرے میچ میں 78 رنز سے فاتح۔ چٹوگرام میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش انڈر 19 نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان انڈر19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 271 رنز بنائے۔ ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی اننگز کی خاص بات آزان اویس کی شاندار سنچری تھی جنہوں نے 125گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 105رنز اسکور کیے۔ انہوں نے پہلے ون ڈے میں بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے69 رنز بنائے تھے۔ کپتان سعد بیگ نے51 رنز بنائے ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ آزان اویس اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 126رنز کا اضافہ کیا۔ شمائل حسین 33 اور عامر حسین29 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ بنگلہ دیش انڈر 19 کی طرف سے اقبال حسین ایمون نے 72رنز دے کر 4 اور مظفر رحمن نے52 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم 47 اوورز میں 193 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شہاب جیمز 42 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔عادل بن صدیق نے40 رنز بنائے۔ پاکستان انڈر19 کی طرف سے محمد اسمعیل نے دس اوورز میں46 رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔ ایمل خان۔ علی اسفند اور عرفات منہاس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔آزان اویس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کو پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  یوسین بولٹ رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سفیر مقرر