گیس لوڈشیڈنگ احتجاج

گیس لوڈشیڈنگ، شہریوں کا احتجاج، کوہاٹ روڈ بند

ویب ڈیسک: پشاور میں گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈ نگ کیخلاف شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا جبکہ بیشتر علاقوں میں گیس پائپ لائن میں گیس کی بجائے گندا پانی آنے پر شہری سیخ پا ہو گئے ۔ کو ہاٹ روڈ کے علاقوں میں گیس لوڈ شیڈ نگ کے خلاف شہریوں نے کو ہاٹ روڈ چونگی چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر کے شدید نعر ے بازی کی اور ٹائر جلائے۔ سڑک بندش سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ کو ہاٹ روڈ کے مکینوں کا کہنا تھا کہ گیس کی بد ترین لوڈ شیڈ نگ نے جینا حرام کر رکھا ہے تاہم متعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ہوتے جسکے باعث امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بعد ازاں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوئے دوسری جانب دلہ زاک روڈ اور شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس غائب ہونے کے ساتھ ساتھ گیس پائپ لائن میں گندا پانی آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اہلیان علاقہ کے مطابق کئی ہفتوں سے گیس بندش کی وجہ سے زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ سوئی گیس انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ہفتوں سے گیس غائب ہے گیس نہ ہونے کے باوجود بھی گیس کے بل بھیجے جا رہے ہیں ۔ شہر کے بیشتر علاقوں افغان کالونی ،دلہ زاک روڈ، ہشتنگری، کریم پورہ بازار، پوش علاقہ حیات آباد، فقیر آباد ،سول کوارٹر اور دیگر شہر کے دیگر علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ پر شہریوں میں غم و غصہ پایا جانے لگا شہریوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر گیس کی فراہمی یقینی نا بنائی گئی تو سوئی گیس دفتر کا گھیرا کرینگے جسکی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔

مزید پڑھیں:  جنوبی پنجاب میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی، بچے متاثر