عمران گرفتاری پر پشاور شہر

عمران گرفتاری پر پشاور شہرمیں افراتفری، پولیس پہلے ریڈ زون پہنچ گئی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پشاور شہر میں افراتفری پھیل گئی جبکہ پولیس پھرتی دکھاتے ہوئے احتجاجی مظاہرین سے پہلے ہی ریڈ زون پہنچ گئی گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطہ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پشاور ہشت نگری اور جی ٹی روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکن جمع ہوگئے جبکہ ان کی ریڈ زون کی طرف ممکنہ پیش قدمی کے پیش نظر سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان کی نگرانی میں پولیس افسران سمیت بھاری نفری ریڈ زون پہنچ گئی
جن میں ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز بھی شامل تھے ہنگامی صورتحال کے خطرے کے پیش نظر بکتر بند گاڑیاں بھی کھڑی کی گئیں پولیس نفری نے سوری پل، صوبائی اسمبلی سمیت تمام حساس مقامات کا محاصرہ کرلیا جبکہ سوری پل کے قریب وکلاء سمیت دیگر افراد بھی جمع ہوگئے جہاں وقفے وقفے سے پی ٹی آئی کارکنوں کی آمدکا سلسلہ جاری رہا۔ہشتنگری سٹاپ پر روڈ کے دونوں اطراف کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل ہوکر رہ گئی جس کے باعث ٹریفک متبادل سڑکوں پر موڑی گئی ۔
سڑک بندش کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ میں بیٹھے افراد کو گاڑیوں سے اتارا گیا جبکہ بی آرٹی سروس بھی معطل ہوگئی اس صورتحال کے باعث خواتین اور بچوں سمیت شہری پیدل جانے پر مجبور تھے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مشتعل مظاہرین نے سڑک کے بیچ پڑے ٹریفک آلات (بیری گیٹس )کو آگ لگادی اورعمران خان کے حق جبکہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔احتجاج کے دوران نجی ٹی وی چینلزکی گاڑیوں پر بھی مشتعل افراد نے حملے کئے اورانہیں نقصان پہنچایا پولیس کی جانب سے جی ٹی روڈ کی بندش اور توڑ پھوڑ پرقانونی کارروائی کا بھی امکان ہے ۔

مزید پڑھیں:  بجلی چوری اور اوور بلنگ، ایف ائی اے کی چھاپہ مار ٹیموں کی سیکورٹی کا مطالبہ