ڈالر290،ایک تولہ سونا2لاکھ40ہزارسے بھی تجاوزکرگیا

ڈالر290،ایک تولہ سونا2لاکھ40ہزارسے بھی تجاوزکرگیا

ویب ڈیسک:پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بدھ کو 9000روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد یہ قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔پاکستان میں بدھ کے روز سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ 40ہزار روپے ریکارڈ کی گئی۔صرافہ مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے معاشی صورتحال بھی غیر یقینی کا شکارہے جس کا اثر سونے کی قیمت پر بھی پڑا ہے۔ان کے مطابق سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ اس میں زیادہ سرمایہ کاری ہے کیونکہ خراب معاشی صورتحال میں سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
دوسری طرف پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں بدھ کے روز5.15 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔کرنسی ڈیلروں کے مطابق کاروبار کے آغاز پر ہی ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا اور انٹر بینک میں ایک ڈالر 290 روپے میں فروخت ہوتارہاجو ملکی تاریخ میں ڈالر کی بلند ترین سطح ہے۔اس سے پہلے ڈالر 11 اپریل 2023 کو بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا جب ایک ڈالر کی قیمت 288.42 روپے پر بند ہوئی تھی۔ڈیلرز کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں تاخیر کی خبروں کے منظر عام پر آنے اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد مارکیٹ میں روپے پر دبائو آیا جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنا ہوگا، صدر مملکت