بلوائیوں کوچن چن کرگرفتارکریں،وزیراعظم

ویب ڈیسک:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کور کمانڈر ہائوس کو مکمل طور پر راکھ میں تبدیل کر دیا گیا، اگلے 72 گھنٹوں میں تمام مجرم، منصوبہ ساز، اکسانے والے اور حملہ آور گرفتار ہونے چاہئیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کیسز درج ہوں۔پاکستان سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو پاکستان کی تاریخ کا بھیانک ترین اور دل خراش واقعہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہائوس جو ایک تاریخی جناح ہائوس ہے، اس کو آج دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ہر کمرہ آگ سے مکمل طور پر جلا ہوا ہے، فرنیچر جل گیا، وہاں پر جو تاریخی چیزیں تھیں وہ سب تباہ ہوگئیں، کاش بطور پاکستانی ہمیں یہ دن نصیب نہ ہوتا ۔ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے اس بدترین حرکت میں حصہ لیا ہے، ان کے لیے آئین اور قانون میں جو سزائیں لکھی گئی ہیں، ہر صورت ان کو یہ سزائیں دی جائیں گی۔شہباز شریف نے کہا کہ جنہوں نے اپنے خون سے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور آبیاری کی ان شہیدوں اورغازیوں کی بے حرمتی کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ میں کہتا ہوں کہ کاش کم از کم میں اس دن کے لیے اس دنیا میں نہ ہوتا ۔ وزیراعظم نے بتایا کہ میں نے وزیر قانون کو یہ گزارش کی ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالتوں کی تعدادبڑھائی جائے اور اگر راتوں کو بھی عدالتوں میں سماعت کرانا پڑے تو اس میں کوئی حرج نہیں، پراسیکوٹرز بہت قابل، ایمان دار اور فرض شناس ہوں، اور پولیس اور انتظامیہ کا سب سے پہلا کام ہے کہ ان سب کو فی الفور بغیر کسی تاخیر کے چن چن کرگرفتار کیا جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اگلے 72 گھنٹوں میں تمام مجرموں، منصوبہ ساز، اکسانے والے اور حملہ آور گرفتار ہونے چاہئیں۔بعد ازاں لاہور میں جناح ہائوس (کور کمانڈر ہائوس)اور سی ایم ایچ کا دورہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے کی ہے، قانون ان کو کٹہرے میں لے کر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کی تمام تر ذمہ داری عمران نیازی کے سر ہے، یہ اس نے منصوبہ بنایا اور اکسایا لہٰذا فیصلہ کرنے والے، اشتعال دلانے والے اور حملہ کرنے والے کسی کوکوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  یو اے ای میں‌بارشوں کے باعث پاکستانی قونصل خانہ بند ، اعلامیہ جاری