ایس ایچ اوگلبرگ سابق ایم پی اے کوگرفتارنہ کرنے پرگرفتار

ویب ڈیسک:تھانہ گلبرگ کے ایس ایچ او کو مطلوب سابق ایم پی اے کوگرفتاری سے بچانے اور انکے ساتھ رابطے رکھنے کے الزام میں گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ مزید پولیس افسران اور اہلکاروں کی بھی سرکاری ونجی املاک کو نقصان پہنچانے اورتوڑپھوڑ کے مقدمات میں نامزد سیاسی رہنمائوں کو گرفتار نہ کرنے اوران سے تعاون کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے جس کے بعد ان کی بھی چھان بین شروع کردی گئی ہے ۔پشاورپولیس نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد توڑ پھوڑاورسرکاری ونجی املاک کو نقصان پہنچانے پر تحریک انصاف کے کارکنوں کیساتھ ساتھ پارٹی کے رہنمائوں کو ایف آئی آرز میں نامزدکیا
جس میں پی ٹی آئی کے سا بق ایم پی اے ملک واجد بھی شامل ہیں تاہم گلبرگ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او فواد علی خان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے سابق ایم پی اے ملک واجد کو گرفتاری سے بچانے کی کوشش کی اور ان کے سا تھ رابطے میں رہتے ہوئے معلومات فراہم کی جس پر سب انسپکٹر حسن علی خان کی مدعیت میںپولیس ایکٹ 2017اور212پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کرکے ان کو گرفتار کیا گیا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز نے ان کو معطل کردیاہے جبکہ گزشتہ روز ایس ایچ او فواد علی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا گیاجنہیں 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے کہ ایسے مزید افسران واہلکارہوسکتے ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی کے مطلوب رہنمائوں کی گرفتاری کیلئے اقدامات نہیں کئے اوران کی چھان بین بھی شروع کردی گئی ہے ۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی جارحیت ختم ہونے تک ہماری مزاحمت جاری رہے گی، ابوعبیدہ