ساف ٹورنامنٹ، پاکستان ٹیم بھارت جائے گی

کرکٹ میں تناؤ کے باوجود پاکستان ہمسایہ ملک بھارت سے کھیل کے روابط جوڑے رکھنے کی پالیسی پر کارفرما ہے جس کے لئے ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم بھارت کا سفر کرے گی۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کا کہنا ہے کہ ہم انٹرنیشنل ایونٹ میں ہمسایہ ملک کی شرکت میں کوئی پریشانی نہیں دیکھ رہے، خطے کی چھ ٹیموں کے ہمراہ لبنان اور کویت کی ٹیمیں بھی ایونٹ میں شریک ہوں گی۔ ساف ایگزیکٹیو کمیٹی نے رواں برس مارچ میں ساؤتھ ایشین ریجن سے باہر کی ٹیموں کو بھی ایونٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس کا مقصد ایونٹ کو زیادہ دلچسپ اور بہتر بنانا تھا۔ آل انڈیا فٹبال کے سیکریٹری جنرل شاجی پربھاکرن نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ حال ہی میں بھارت کی برج ٹیم نے پاکستان میں منعقدہ علاقائی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی، لہذا ہم بھی توقع رکھتے ہیں پاکستانی شرکا کو ساف ایونٹ میں شرکت کیلیے ویزوں کے اجرا میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، میزبان بھارت، پاکستان، لبنان اور کویت کے علاوہ دیگرشریک چار ملکوں میں نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور مالدیپ شامل ہیں۔ بھارت اب تک ریکارڈ 8 بار علاقائی ایونٹ کی ٹرافی جیت چکا ہے۔ دفاعی چیمپئن مالدیپ دو بار جبکہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان نے ایک ایک بار ٹائٹل جیتا ہے۔

مزید پڑھیں:  ویسٹ انڈیز کیخلاف کھلاڑی پلان کے مطابق نہ کھیل سکے، ہیڈ کوچ