گیس-کا-بحران

پشاور میں گھریلو اور کمرشل صارفین کیلئے گیس کا بحران شدید ہوگیا

ویب ڈیسک:گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر کم ہونے کے باعث گھریلو صارفین کیساتھ ساتھ کمرشل صارفین کیلئے بھی مسائل سامنے آگئے ہیں۔ ضلع پشاورمیں اڑھائی سوسے زائد چھوٹے بڑے یونٹس کیلئے گیس کی ترسیل میں تعطل جبکہ درجنوں کی تعداد میں سی این جی اسٹیشن پر بحران پیدا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے صورتحال گھمبیر ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان بزنس فورم کے سینئر نائب صدر مشتاق خلیل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گیس کاپریشر کم ہونے اور گیس لوڈشیڈنگ کے باعث پشاو ر کے لاکھوں گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کمرشل سطح پر بازاروں میں ہوٹلز اور تندور مالکان کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں گیس سے چلنے والے اڑھائی سو کے لگ بھگ صنعتی یونٹس میں بھی گیس کی شدید قلت کی شکایات ہیں اس کے علاوہ سی این جی اسٹیشن بھی بند ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کے نتیجے میں گیس سے چلنے والی ٹرانسپورٹ بھی محدود ہوگئی ہے۔
رواں برس سردی میں بھی گیس کی قلت تھی اور لوگوں کو کروڑوں روپے کا نقصا ن ہوا تھا لیکن موسم کی تبدیلی کے باوجود بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں مختصر دورانیہ کیلئے گیس کی سپلائی بحال رہتی ہے جس سے گھریلو اور کمرشل صارفین پر سلنڈر میں فان گیس کا استعمال کرنے کی وجہ سے اضافی مالی بوجھ پڑرہا ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں گیس کھینچنے والی مشینیں بھی گھروں اور صنعتی یونٹس پر لگائی گئی ہیں جس سے گھروں کو بالکل بھی گیس دستیاب نہیں اور گیس کے بل اسی تناسب سے موصول ہورہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  روسی نائب وزیر دفاع رشوت لینے کے الزام میں گرفتار