یقیناً ایسا ٹیلنٹ بھی فقط پاکستانی یو ٹیوبرز نے پایا ہے کہ بنا ڈاکٹری کے اینستھیزیا کی ڈگری حاصل کر لی ہے اور اب دن رات لگاتار ویڈیوز لگا کر قوم کو بے ہوش کرنے کی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں.
مثلاً کسی سپر ہِٹ ڈرامہ سیریل کا کپل دکھا کر "فلاں ڈرامہ میں کام کرنے والی حقیقی میاں بیوی جان کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے” دو مشہور اداکاروں کہ تصویر لگا کر”فلاں ڈرامے میں آنے والی کس کی بیٹی ہیں سن کر ہوش اڑ جائیں گے” ڈرامہ کی کوئی قسط نہ لگ سکے تو”فلاں ڈرامہ کی قسط نمبر 16 کیوں نہ لگ سکی ڈرامہ کس وجہ سے بین ہو گیا، جان کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے ”
کسی اداکار کی فیملی دکھانی ہو تو”بلبلے ڈرامے کے نبیل کی اصل بیوی دیکھ کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے”” مومو کا اصلی شوہر (شوہر نقلی بھی ہوتا کیا؟ ) دیکھ کر ہوش اڑ جائیں گے”” کترینہ کیف کی امی دیکھ کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے "(کیوں ابا دکھتی ہیں کیا) کسی مشہور اداکارہ کی تصویر پر طویل ویڈیو بنا کر”فلاں اداکارہ کو بغیر میک اپ دیکھ کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے "اور کچھ نہیں تو فرضی معاوضہ ہی سہی” پاکستانی اداکارائیں ایک قسط کا (یو ٹیوبرز سے پوچھ کر) کتنا معاوضہ لیتی ہیں جان کر (پھر وہی موئے ) ہوش اڑ جائیں گے” کسی کے بچپن کی تصویر لگا کر "فلاں فلم میں آنے والی ننھی ایکٹریس اب کیسی دکھتی ہیں دیکھ کر ہوش اڑ جائیں گے”الغرض…. سلیبریٹیز کے ماں باپ، بہن، بھائی، بیوی بچے دیکھ کر ہی نہیں بلکہ کسی کے محل نما گھر یا نئی گاڑی دیکھ کر ہمارے ہوش رفو چکر ہو سکتے ہیں اور نہیں تو کسی کے بچپن کی نادیدہ تصاویر دیکھ کر ہوش صاحب اڑان بھر لیں گے۔ لیموں میں لونگ رکھنے کا نتیجہ جاننے سے لے کر دبئی کے شہزادے کی عیاشیاں دیکھ کر بھی ہوش اگر کچھ کریں گے تو بس سیدھی "فلائیٹ” ہی پکڑیں گے. اور جتنے اِدھر ہوش” اڈ پْڈ” جائیں گے اتنے ہی اْدھر سے ڈالر اڑ کر یوٹیوبرز کے اکاؤنٹ میں آئیں گے
گویا "جگر مراد آبادی” سے معذرت کے ساتھ
کاروبارِ ” اونہاں” سنورتے ہیں
ہوش جب بے خودی سے ملتا ہے
ارے بھئی!!!! مہنگائی اور حالات کی ستائی ہوئی پاکستانی عوام کے تو پہلے ہی رنگ اور ہوش اڑن چْھو ہو چکے ہیں بلکہ بیچاروں کا تو وہ حال ہو چکا ہے کہ بقول انور بھٹی
انور ہم اپنے حال سے واقف نہ پھر ہوئے
ایسا ستم ظریفوں نے مدہوش کر دیا
ایسے میں مزید ظلم نہ کریں ہاں اگر بنانی ہی ہیں تو ایسی ویڈیوز بنائیں جن کا کیپشن ہو
"ہوش ٹھکانے آ جائیں گے”
بہر حال_____ یہ آپکا روزگار ہے
