پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے باوجود ۔۔۔

اخباری اطلاعات کے مطابق پٹرولیم کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اعلان کے باوجود نہ تو ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی سامنے آئی ہے نہ ہی ضروری اشیاء کی نقل وحمل کے اخراجات میں کمی کے باعث خصوصاً اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں کم ہوئیں بلکہ صرف تین روز پہلے ٹماٹر 50 روپے کلو پر فروخت ہونے کے بعد اب یہی ٹماٹر ایک بار پھر زقند مار کر 80 روپے کلو ہوگئے ہیں’ اسی طرح دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں’ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے حال ہی میں پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا اعلان کرکے عوام کوخوشخبری سنا دی تھی اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی تھی کہ وہ کرایوں میں کمی کردیں مگرنہ تو مسافر گاڑیوں اور دیگر چھوٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی جا رہی ہے نہ ہی بار برداری ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی ہو رہی ہے حالانکہ اب اس ”ناجائز مہنگائی”کا کوئی جواز نہیں ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک بھر میں متعلقہ سرکاری حکام بڑھے ہوئے کرایوں میں کمی پر ٹرانسپورٹ اڈوں کو آمادہ کریں بلکہ اشیائے صرف کی نقل وحمل کے حوالے سے ٹرکوں ‘ ٹرالروں اور دیگر بار برداری کے ٹرانسپورٹ کرایوں پر نظرثانی کروا کر بڑھتی ہوئی مہنگائی پرقابو پانے اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ‘ ٹرانسپورٹرز تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافے کے فوراً بعد کرایوں میں فوری اضافہ کرنے میں ایک لمحہ کی تاخیر نہیںکرتے مگر جب تیل کی قیمتیں کم ہو جاتی ہیں تو عوام کو ان کا کوئی فائدہ پہنچنے نہیں دیا جاتا، امید ہے متعلقہ حکام اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے اور عوام کو اس سہولت کے پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں:  ''ظلم دیکھ کر چپ رہنا بھی ظلم ہے''