ریگی،اراضی تنازعہ پرخونین تصادم،2جاں بحق،متعددزخمی

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے ریگی میں زمین کی ملکیتی تنازعہ پردومقامی قبیلوں کے درمیان خونریز تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد علاقہ میں ایک بارپھر کشیدگی بڑھ گئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ سابقہ ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان وغیرہ اور عیسیٰ خیل قوم میں عرصہ درازسے زمین کی ملکیت پر تنازعہ چلا آرہا ہے جس میں اب تک کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز اسی تنازعہ پر دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا
اس دوران بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا جس کے باعث مقامی لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے تھے اور علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا تھا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔جاں بحق افراد کی شناخت نیاز محمد اور یارمحمد کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ ڈی ایس پی ، ایس ایچ او سمیت بڑی تعداد میں پولیس بکتربند ودیگرگاڑیوں میں پہنچ گئے تھے اورانہوں نے علاقے کا محاصرہ کیا تاکہ مزید جانی نقصان کو روکا جاسکے ۔
بتایاجارہا ہے کہ مخالفین کی جانب سے 2 جریب گندم کی فصل کو بھی آگ لگا دی گئی تھی ۔ واضح رہے کہ ریگی کے علاقے میں سابق ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اورمقامی قوم کے درمیان اکثر مسلح جھڑپیں ہوتی ہیں اور اب تک ان جھڑپوں میں متعدد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے کئی ایف آئی آرز بھی درج کی جاچکی ہیں۔

مزید پڑھیں:  افغان طالبان کا خواتین کو زنا حد پر کھلے عام سنگسار کرنے کا اعلان