موسمی پرندوں کی اڑان

اخباری ا طلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ کاعمل مزید تیز ہوتا جارہا ہے اور فاروڈ بلاک ،تحریک انصاف نظریاتی گروپ تحریک انصاف حقیقی سمیت مختلف ناموں سے نئے دھڑے قائم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے اہم ذریعہ کے مطابق نومئی کو جو خطرناک حملے ہوئے ان کے تانے بانے بیرونی طاقتوں سے مل رہے ہیں ،فوجی تنصیبات پرحملوں سے تحریک انصا ف کے نظریاتی کارکنوں اورحامیوں میں شدید غم وغصہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف سے اہم عہدیدارمستعفی ہونے کے اعلانات کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی پرممکنہ طور پر پابندی بھی لگ سکتی ہے ۔ذریعہ کے مطابق آنے والے دن عمران خان کے لیے انتہائی سخت ہوسکتے ہیں ان کے خلاف کئی اہم مقدمات کی سماعت میں تیزی آسکتی ہے اور انتخابات مزید چھ ماہ سے ایک سال تک التواء کا شکار ہوسکتے ہیں۔تحریک انصاف کی تشکیل کے وقت جو فارمولہ اپنایا گیا تھا اور اس کو برسر اقتدار لانے کے جو جتن کئے گئے تھے حالات و واقعات اب لوٹ پیچھے کی طرف اے گردش ایام تو کی مثال پیش کرنے لگے ہیں جس سے اس امر کا اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ملکی سیاست میں جس برابری کی بنیاد پر سیاسی میدان سجانے کے مطالبات ہو رہے تھے اور جن غلطیوں کو سدھارنے کے مطالبات ہو رہے تھے خود تحریک انصاف کی قیادت کے جذباتی پن اور جوشیلے کارکنوں کی عاقبت نااندیشانہ عمل کے بعد اس کے لئے حالات خود بخود سازگار بنتے جارہے ہیں اس بارے کوئی دوسری رائے نہیں کہ نو مئی کے واقعات کی حمایت تو درکنار لفظی طور پر بھی اس کی کوئی توجہیہ پیش نہیں ہو سکتی ان حالات میں سوائے لاتعلقی مذمت اور علیحدگی اختیار کرنے کے حوالے سے فیصلوں ہی کی گنجائش رہ جاتی ہے تحریک انصاف میں جس قسم کے عناصر شامل کرکے انتخابی فتح حاصل کرلی گئی تھی دیکھا جائے تو ان عناصر کی اس جماعت سے کبھی وابستگی ہی نہ تھی یا پھر حالات نے دیرینہ کارکنوں کو بھی مایوسی کے دہانے لا کھڑا کیا سیاسی جماعتوں میں توڑ پھوڑ اور جیتنے والے گھوڑوں اور ان کی پشت پر سوار چابک لگانے والوں کی برتری کا سلسلہ اگر یہیں رک جائے اور اس کے بعد سیاسی جماعتوں کے درمیان سیاسی میدان میں مقابلہ اور شفاف انتخابات ہوں تو ملک میں اس سیاسی انتشار کی کوکھ سے استحکام جنم لینے کی امید ہے اور اگر غلطیاں دہرانے کا سلسلہ جاری رہا تو پھر یکے بعد دیگرے کھیلے جانے والے اس اس کھیل کی آلودگی سے سیاست کبھی پاک نہ ہو گی اڑان بھرنے کی تیاری میں مصروف پرندوں نے جانا ہی ہوتا ہے اس آندھی کے تھمنے کے بعد جو رہ جائے گا وہی اصل جماعتی کہلائے گی۔

مزید پڑھیں:  روٹی کی قیمت دا گز دا میدان