پردہ ڈالنے کی کوشش

9 مئی کے سانحے کی 19 مئی کو مذمت اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے، وزیراطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا عمران خان سے کرپشن کا حساب مانگا تو فساد برپا ہو گیا، 9 مئی کے سانحے کی 19 مئی کو مذمت کرنا اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے دیکھا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، یہ قومی سانحہ ہے، اس پر پاکستان کی پوری قوم آبدیدہ ہے، دل دکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں دشمنوں نے وہ کام نہیں کیے جو عمران خان نے منصوبہ بندی کرکے پورے ملک میں مسلح جتھوں کو استعمال کر کے، دہشت گردوں کو استعمال کرکے، ان ملک کی حساس تنصیبات پر حملہ آور ہوئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوامی ردعمل نے عمران خان کو مجبور کیا کہ وہ کل مذمتی ڈرامہ کریں لیکن اس سے جان نہیں چھوٹے گی ، عوام کا ردعمل آیا، کیونکہ عوام افواج پاکستان، جو پاکستان شہدا اور غازیوں کے لیے اپنی جان دینے کو تیار ہوتی ہے، وہ عوام نہیں چاہتی کہ اس کا اسکول جلے، ہسپتال اور مساجد جلیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کہہ رہی ہے کہ آپ زمان پارک کی تلاشی دے دیں، اگر تم نے دہشت گرد اور مسلح جتھے زمان پارک میں نہیں رکھے تو دروازہ کھولو اور کہو اندر آئیں، تلاش لیں، لیکن وہاں موجود لوگ اس کی پناہ میں ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار میں نے اپنی زندگی میں وردی کی تضحیک کرتے ہوئے دیکھا، اور وردی میں ملبوس شہدا کی یادگاروں کا جلایا گیا ، جس پر ہمسایہ ملک میں شادیانے بجائے گئے، عمران خان نے وہ کام کیا جس سے دشمن خوش ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کےتحت یہ سانحہ عمران خان کی منصوبہ بندی میں ہوا ، پی ٹی آئی کے 5، 6 قائدین بتاتے رہے کہ وہاں پہنچو جو بتایا تھا، کور کمانڈر کے گھر پہنچو، جی ایچ کیو پہنچو۔
وفاقی وزیر کامزید کہنا تھا کہ عمران خان نے جرم کیا ہے تو گرفتار ہونا چاہیے 30روز میں کمیشن اپنی رپورٹ پیش کریگا، آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا گیا ہے ، حکومت اپنی مدت پوری کرکے الیکشن کرائے گی۔

مزید پڑھیں:  انٹراپارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کو نوٹس، 30 اپریل کو پیشی کی ہدایت