پنجاب سے دوسالہ پابندی کے بعد آٹا کی سپلائی بحال، قیمتیں کم ہوں گی

ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا کیلئے پنجاب کی فلور ملز سے آٹا کی ترسیل پر پابندی ختم کردی گئی ہے جس سے 20 کلو آٹاکا تھیلا اور 80 کلو آٹا کی قیمتوں میں کمی ہوجائے گی واضح رہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں دوسال قبل پنجاب سے آٹاکی ترسیل پرپابندی عائد کی گئی تھی اور اس مقصد کیلئے پنجاب کے مختلف شہروںمیں چیک پوائنٹس قائم کئے گئے تھے جہاں سے آنے والے آٹا پربھاری رشوت وصول کرنے کی شکایات تھیں حالیہ دنوں کے دوران خیبر پختونخوا میں آٹا کا بحران شدید ہوگیا تھا اور قیمتوںمیں روزمرہ اضافہ کیا جارہا تھا
اس ضمن میں گذشتہ ہفتے صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت کو آٹا کی ترسیل پر عائد پابندی ختم کرانے کیلئے ایک خط بھی ارسال کیا گیا تھاجس کی روشنی میں محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے آٹاکی بین الصوبائی ترسیل پر پا بندی اٹھالی گئی ہے اس فیصلہ کے تحت خیبر پختونخوا کیلئے پنجاب کے فلور ملزسے آٹا پرمٹ پر سپلائی کی پابندی بھی ختم کی گئی ہے پنجاب سے سپلائی کا یہ سلسلہ آج اتوارکے روزسے دوبارہ مکمل طورپربحال ہوجائے گاجس سے 80کلو آٹا کی قیمت 15ہزارسے کم ہوکر 13ہزارروپے سے 10ہزار روپے تک پہنچ جائے گی
اس وقت مارکیٹ میں 20کلو آٹا کا تھیلا 34سو روپے تک فروخت ہورہا ہے جس کی قیمت میں بھی 15سو روپے سے زائد تک کمی کا امکان ہے آٹا ڈیلرز کے مطابق ترسیل بحال ہونے کے ساتھ ہی آٹا کے پرانے نرخ کم کردئیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، مہنگائی کنٹرول کرنے کے سلسلے میں صوبائی حکومت و دیگر سے رپورٹ طلب