دوا ساز کمپنیوں کے دبائو پر تمام ادویہ کی قیمت میں20فیصد تک اضافہ

ویب ڈیسک:ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ادویہ ساز کمپنیوں کے دبائو پر جان بچانے والی ادویات اور دوسری بیماریوں میں استعمال ہونیوالی دوائیوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے اس سلسلے میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے نوٹیفکیشن کے مطابق جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 14 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ دوسری بیماریوں کے علاج کیلئے رجسٹرڈ دوسری تمام ادویات کی قیمتوں میں 20 فیصد تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے
ڈالر کے نرخ میں مسلسل اضافہ اور خام مال اور تیار ادویات کی درآمد پر پابندی کو جواز بناکر ملکی اور غیر ملکی ادویہ ساز کمپنیوں اور ڈیلرز کی جانب سے ڈریپ کو اضافہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجاویزکی ابتدائی منظوری وفاقی کابینہ کی اکنامک ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے دی گئی تھی نوٹیفکیشن کے مطابق ڈریپ پالیسی بورڈ ادویات کی قیمتوں کے تعین کیلئے 3 مہینے کے بعد دوبارہ جائزہ لے گا جائزہ اجلاس میں ڈالر کی قدر میں کمی کی صورت میں مذکورہ تمام ادویات کی قیمتوں میں کمی بھی تجویز کی جاسکتی ہے
ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا اطلاق آج سے کیا جائے گا اور ملک بھر میں رجسٹرڈ ادویات نئی قیمت پر فروخت کی جائیں گی واضح رہے کہ ڈریپ کی جانب سے رواں برس کے دوران یہ دوسرا اضافہ کیا گیا ہے جس سے کینسر، ہپاٹائٹس، امراض قلب، ذہنی امراض، شوگر، بلڈپریشر اوردوسری لازمی ادویات کی قیمتیں مزیدبڑھ جائیں گی اور مریضوں کے اخراجات میں کئی گنا کا اضافہ ہوجائے گا

مزید پڑھیں:  فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان کو اردن کے ہاتھوں بھی شکست