پشتخرہ قتل

پشتخرہ میں 2 نوجوان رسیوں سے باندھ کر قتل، لاشیں پھینک دی گئیں

ویب ڈیسک: پشتخرہ میں نامعلوم افراد نے 2 لڑکوں کو رسیوں سے باندھنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور نعشیں قبرستان میں پھینک دیں۔ دونوں مقتولین کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے ۔ دائود زئی سے بھی گولیوں سے چھلنی نعش برآمد کرلی گئی ہے ۔ پشتہ خرہ پولیس کے مطابق سفید ڈھیری کے علاقہ نو دیہہ بالا قبرستان کے قریب دو لڑکوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک مقتول کی شناخت ذیشان ولد مزمل سکنہ شگئی ہندکیان سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے کے پاس کسی قسم کی شناختی دستاویزات نہیں ملیں ۔ دونوں کی عمریں 25سے 30سال کے درمیان ہیں جن کے ہاتھ اور پائوں رسی سے بندھے تھے اور ان کو تشدد کے بعد گولیاں ماری گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دونوں ہیرئونچی تھے، پولیس نے جائے وقوعہ سے 30بور پستو ل کے پانچ خالی خول برآمد کر لئے۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں نعشیں مردہ خانے میں پڑی ہیں۔
ورثاء کا پتہ لگانے کیلئے مختلف ذرائع اور سوشل میڈیا سے مدد لی جارہی ہے۔ اسی طرح دائود زئی تخت آباد میں کھیتوں سے 20 سالہ لڑکے کی نعش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت بلال ولد محمد یوسف سکنہ تہکال کے نام سے ہوئی ہے ۔ دائود زئی پولیس کے مطابق بلال کو نامعلوم افراد نے قتل کیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان کو 279رنز کا ہدف