شمالی وزیرستان میں2گرلز سکول بموں سے اڑا دئیے گئے

ویب ڈیسک: شمالی وزیر ستان کے علاقہ میر علی میں ایک ہی رات میں 2گرلز مڈل سکولوں کو نامعلوم افراد نے بموں سے اڑا دیا ۔ زوردار دھماکوں سے دونوں سکولوں کی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں ۔ مقامی پولیس اور محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق گزشتہ شب گورنمنٹ گرلز مڈل سکول نور جنت گل کوٹ مو سکی اور گورنمنٹ گرلز مڈل سکول یونس کوٹ حسو خیل کو نامعلوم افراد نے بارودی مواد کے دھماکوں سے اڑا دیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیر ستان کے مطابق دونوں واقعات رات گئے ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ایجوکیشن ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دونوں سکولوں میں پانچ سو بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں ۔
پیپلز پارٹی شمالی وزیر ستان کے سیکرٹری اطلاعات شفقت داوڑ نے بتایا کہ شمالی وزیر ستان کے علاقہ میر علی میں دونوں سکول فعال تھے اور ان میں لڑکیاں زیر تعلیم تھیں ۔ مذکورہ اقدام انہیں تعلیم سے دور رکھنے کی ایک گھنائونی سازش ہے ۔ ڈی پی او شمالی وزیر ستان سلیم ریاض نے اس حوالہ سے بتایا کہ یہ خالص دہشت گردی کا کیس ہے جس کو سی ٹی ڈی والے ہینڈل کریں گے اور مجرموں کو کسی طور نہیں چھوڑا جائے گا ۔ یاد رہے کہ شمالی وزیر ستان میں گزشتہ دو دہائیوں سے جاری شدت پسندی کے دوران پہلی بار گرلز سکولوں کو دھماکوں سے اڑا یا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  ضلع مہمند میں پہلی بار مشترکہ مشاعرے کا انعقاد