گورنر نے تعلیمی اداروں کی طالبات اوربچوں کیلئے 11 بسیں حوالے کردیں

ویب ڈیسک:گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے گورنمنٹ گرلزکالجز، نابیناسکولز اور سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کی طالبات اوربچوں کیلئے 11 بسیں حوالے کردیں۔منگل کے روز گورنرہائوس میں پروقار تقریب میں گورنر حاجی غلام علی نے نگران صوبائی کابینہ کے اراکین جسٹس(ر) ارشاد قیصر،ساول نذیرایڈوکیٹ، فضل الہی،سلمیٰ بیگم،ملک مہر الٰہی، رحمت سلام خٹک، میئر پشاور حاجی زبیر علی کے ہمراہ اپنے وعدے کی مطابق انٹرسٹی گرلزکالج شاہی باغ کو 4بسیں، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ وویمن کالج کو 4بسیں، گورنمنٹ نابینا سکول جی ٹی روڈ پشاور، گورنمنٹ نابینا سکول گلبہار اورسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد کو ایک، ایک بس حوالے کی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اوردیگرمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے گورنر نے مذکورہ تعلیمی اداروں کی500 طالبات اور خصوصی بچوں کو بھی نہ صرف گورنر ہائوس بلایا بلکہ ان بچوں کو نگران وزراء اور میئر پشاور کے ہمراہ برگر،جوس بھی خود پیش کرتے رہے اور کافی دیر تک ان کے درمیان موجود رہے۔اس موقع پرطالبات اور خصوصی بچوں کی خوشی قابل دید تھی۔ انہوں نے گورنر کے ساتھ تصاویربنوائی اور ان کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے بسوں کی فراہمی کامطالبہ پورا کرنے پر گورنر کو خراج تحسین پیش کیا گورنرنے11 بسوں کی چابیاں مذکورہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کے حوالے کرنے کے بعد تمام طالبات اور خصوصی بچوں کو انہی بسوں میں بٹھایا اورگورنرہائوس سے باعزت رخصت کیا۔

مزید پڑھیں:  پیپلز پارٹی کا4اپریل کو ذوالفقار بھٹو کی برسی پر جلسہ ملتوی