جناح ہاؤس حملہ کیس

جناح ہاؤس حملہ کیس: عدالت نے خدیجہ شاہ کو شناخت پریڈکیلئے جیل بھیج دیا

جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار خدیجہ شاہ کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا۔
ویب ڈیسک: جناح ہاؤس لاہور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں تحریک انصاف کی رہنما کو لاہور کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔
خدیجہ شاہ کو چہرہ ڈھانپ کر کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے خدیجہ شاہ کو کمرہ عدالت میں شوہر سے ملاقات کی اجازت بھی دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، عدالت میں پولیس نے خدیجہ شاہ کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوانے کی استدعا کردی۔
عدالت میں پولیس نے کہا کہ خدیجہ شاہ کیس کے تفتیشی افسر ہائی کورٹ میں مصروف ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ کو 7 دن کے لیے شناخت پریڈ پولیس کے حوالے کردیا ، عدالت نے حکم دیا کہ شناخت پریڈ مکمل کر کے خدیجہ شاہ کو دوبارہ 30 مئی کو پیش کیا جائے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خدیجہ شاہ کو گرفتار کیا گیا تھا جو سابق مشیرخزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی اور سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کی پوتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، شیر افضل مروت