9مئی بھولیں گے نہ معاف کریںگے،آرمی چیف

ویب ڈیسک:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی ملکی تاریخ کا تاریک دن ہے، فوجی تنصیبات اور سول املاک پر حملہ کرنے والے، اکسانے والے، ہدایات دینے والے اور منصوبہ بندی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، مجرموں کے خلاف کارروائی شروع ہوچکی۔ جمعرات کوریڈیوپاکستان پشاورکی عمارت کے دورے اور گورنر ہائوس پشاور میں سیاسی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کا دورہ کیا ہے اور وہاں کی صورتحال دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا ہے، اس طرح کی کارروائیاں تو دہشت گرد کرتے ہیں
عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے یہ شرپسندی کی، انہیں باقاعدہ ہدایات دی گئیں کہ ان، ان جگہوں پر کارروائیاں کرنی ہیں، سیاسی جماعتیں احتجاج کرتی ہیں لیکن ان کا احتجاج پرامن ہوتا ہے، کبھی کسی نے فوجی تنصیبات پر اس طرح حملے نہیں کئے،وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں جہاں جہاں بھی یہ واقعات ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون پرعملدرآمد شروع ہو چکا ہے، جو بھی ملوث پائے گئے ان کے ساتھ قطعاً کوئی رعایت نہیں ہو گی کیونکہ اگر انہیں قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو اس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کا جتھہ ایسے ممالک جن پر وہ پہلے اپنی حکومت ختم کرنے کے الزامات لگاتا تھا آج ان سے اپیلیں کر رہا ہے اور ان سے مدد مانگ رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم نے عمران نیازی کا مکروہ چہرہ اور دوغلا پن دیکھ لیا ہے
اب قانون حرکت میں آئے گا، ریڈیو پاکستان نے 13 اور 14 اگست 1947ء کو آزادی کی نوید سنائی تھی اس کے تاریخی ورثہ کو تباہ کر دیا گیا، اس سے زیادہ دشمنی دشمنی اور تباہی کیا ہو سکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کی ہے اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے، اس حوالہ سے بڑی اچھی پیشرفت ہے، اس پر صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔

مزید پڑھیں:  فورسز کا پشین میں آپریشن، 3دہشت گرد مارے گئے