کورٹ مارشل

پختونخوا میں 2788 شرپسندوں کو گرفتار کیا، 25 کا کورٹ مارشل ہوگا

ویب ڈیسک:نگران وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 9 مئی کو جلائو گھیرائو ،توڑ پھوڑ اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث کل 2788 شرپسندوں کو تاحال گرفتار کیا گیا ہے۔دفاعی تنصیبات پر حملوں میں ملوث شرپسندوں کے مقدمے آرمی کورٹس میں چلائے جا رہے ہیں۔فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ابتک 20شرپسند گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ جن میں سے 05 شرپسند ضلع مردان، 02 ضلع لوئر دیر، 01 ضلع ایبٹ آباد اور 07ضلع بنوں سے گرفتار کئے گئے ہیں ان شرپسندوں کو آرمی کورٹس میں پیش کیا جاچکا ہے جبکہ باقی 05 شرپسندوں کو بھی جلد آرمی کورٹس میں پیش کیا جائے گا۔
بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی ساری کی ساری قیادت گرفتاری کی ڈر سے بھاگ گئی ہے۔صوبے میں کسی بھی جماعت کو دہشت گرد کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ نگران صوبائی حکومت ہر طرح کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ9 مئی کو سرکاری، نجی اور عسکری تنصیبات پر دہشت گرد حملوں میں ملوث شرپسند عناصر کیخلاف تصاویر، ویڈیوزفوٹیج کی مدد سے پکڑ دھکڑ اور شناخت کا عمل جاری ہے۔شناخت کے عمل میں نادرا سے بھی مدد لی جارہی ہے تاکہ غلطی سے بھی کسی بے گناہ کو سزا نہ دی جائے۔ جبکہ سرکاری، نجی اور دفاعی تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو کڑی سے کھڑی سزا دی جائے گی اس سلسلے میں کسی کیساتھ بھی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
علاوہ ازیں نگران صوبائی وزیر اطلاعات یرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے یوم تکبیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ 28 مئی ہمارے پیارے ملک پاکستان کے لئے اہم ترین اور قابل فخر دن ہے جب بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے کامیاب ایٹمی دھماکے کئے اور ہمسایہ ملک کو یہ جتا دیا کہ ارض پاکستان کے لئے ناپاک عزائم رکھنے والوں کو ایسے ہی منہ کی کھانی پڑے گی،نگران وزیر نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایٹمی پروگرام پر اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے کام کا آغاز کروایا جسکو بعد میں 28 مئی 1998 کو چاغی میں وزیر اعظم نواز شریف نے کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے اس عظیم الشان کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ،ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے اس پورے سفر میں ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کردار مسلمہ ہے۔
جنہیں پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے،فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ ہم ان تمام افراد اور اداروں کے مشکور ہیں جنہوں نے اپنی شبانہ روز کڑی محنت کے بعد ایک عظیم قوت سے ہمکنار کیا۔

مزید پڑھیں:  سینیٹ انتخابات، پنجاب سے 7 امیدواران بلامقابلہ سینیٹر منتخب