اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 29465 تک جاپہنچی ہے جن میں سے 639 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 13 ہزار 441 ٹیسٹ کئے گئے جب کہ 1991 مریضوں میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 29 ہزار 465 تک جا پہنچی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 29465 تک جاپہنچی ہے، پنجاب میں 11 ہزار 93، سندھ میں 10 ہزار 771، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 509، بلوچستان میں ایک ہزار 935 ، اسلام آباد میں 641 ، گلگت بلتستان میں 430 اور آزاد کشمیر میں 86 افراد میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثرہ 8 ہزار 23 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے اب تک ڈھائی ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اس عرصے میں کورونا وائرس کا گراف پاکستان میں کم ہونے کے بجائے تیزی سے بڑھا ہے۔
اگرچہ اس عرصے میں مختلف پابندیوں سمیت جزوی لاک ڈاؤن بھی رہا لیکن پھر بھی کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک میں پہلے کیس سے لیکر 31 مارچ تک کورونا کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار تھی اور اس عرصے میں 8 اموات ہوئی تھیں۔
تاہم اپریل میں اس وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس ماہ کے آخر تک یہ ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز اور اموات 385 تک جا پہنچی۔
تاہم مئی کا آغاز اس وائرس میں ایک نئی تیزی کے ساتھ ہوا اور 3 ہندسوں یعنی کچھ سو میں آنے والے کیسز 4 ہندسوں تک پہنچ گئے۔