پشاور،سٹریٹ کرائمز میں ملوث گینگ بے نقاب، 10ملزم گرفتار

ویب ڈیسک: پشاور پولیس نے سٹریٹ کرائمز میں ملوث متعدد گینگز بے نقاب کرکے ان کے 10کارندوں کو گرفتار کرلیا جن سے گاڑیاں، موٹر سائیکلیں ، درجنوں موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے ۔ گینگز میں افغان باشندے بھی شامل ہیں جو افغانستان سمگلنگ میں بھی ملوث ہیں۔ گزشتہ روز ایس پی فقیرآباد ڈویژن ڈاکٹر محمد عمر نے تھانہ گل بہار میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ فقیر آباد، گل بہار، پھندو اور پہاڑی پورہ کے علاقوں میں شہریوں سے گن پوائنٹ پر موبائل فون، موٹر سائیکلیں، نقدی چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کاروائیوں کے دوران 10ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے 3موٹر کار،16موٹر سائیکلیں،60 عدد موبائل فون ،2لاکھ کی رقم، اسلحہ اور دیگر اشیاء برآمد کرلی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی صحافی سے ڈیجیٹل کیمرہ چوری کیا گیا تھا جو برآمد کرلیا گیا۔
اسی طر ح موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور دیگر اشیاء کو متعلقہ مالکان کے حوا لے کر دیا گیا ہے ۔ ایس پی فقیر آباد نے بتایا کہ گرفتار ملزموں میں مسروقہ موبائل فونز کے آئی ای ایم آئی تبدیل کرنے والے ماہر جبکہ مسروقہ موبائل فونز افغانستان سمگل کرنے والے ملزمان بھی شامل ہیں ،اسی طرح یہ ملزمان مسروقہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو پارٹس کی شکل میں اونے پونے داموں فروخت کردیتے تھے ۔ گرفتاری کے بعد ملزمان کو عدالتوں میں پیش کرکے ان کی جسمانی ریمانڈ حاصل کی جائے گی جن سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ، مستورات کے تنازعے پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق ، ایک زخمی