پاکستان کے تائیکوانڈو کھلاڑی ہارون خان نے سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا۔ آذر بائیجان کے شہر باکو میں جاری ورلڈ تائیکوانڈو چیمپیئن شپ 2023 میں ہارون خان نے دو فائیٹس جیت لیں۔ 58 کے جی کیٹگری میں حصہ لینے والے پاکستانی فائیٹر نے پہلی فائٹ میں سربیا کے عروس بیلانوویچ کو 2-0 سے شکست دی۔ پہلے راؤنڈ میں سکور 14-6 اور دوسرے راؤنڈ میں 17-10رہا۔ دوسری فائٹ میں ہارون نے مصر کے مصطفیٰ منصور کو ہرا دیا۔ دوسری فائیٹ کے پہلے راؤنڈ میں مصطفیٰ منصور نے 14-11 سے کامیابی حاصل کر لی تھی تاہم ہارون خان نے ہمت نہ ہاری اور شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے دوسرے اور تیسرے راؤنڈ میں حریف کو چاروں شانے چت کر دیا۔ دوسرا راؤنڈ 15-2اور تیسرا 16-4 سے ہارون کے نام رہا۔ ورلڈ تائیکوانڈو چیمپیئن شپ 2023 میں دو فائیٹس کے بعد ہارون نے فائنل 16 میں جگہ بنا لی ہے۔
