بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے، غلام علی

ویب ڈیسک: گورنرخیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت پشاور شہر و مضافات میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ و بجلی صارفین کو حائل مشکلات و مسائل سے متعلق عوامی شکایات پر گورنر ہاوس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور شہر و مضافات میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش کے باعث عوام کو درپیش مشکلات و تکلیف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں مئیر پشاور حاجی زبیر علی، چیف پیسکوعارف محمود سدوزئی،ارباب فاروق ایکسئین رورل، شاہد آفریدی ایکسیئن کینٹ، عبدالروف ایکسئین سٹی، گوہر رحمان سپرنٹنڈنٹ انجینئر خیبر، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہر ارشاد اور واپڈا کے دیگر حکام شامل تھے۔ اس موقع پر واپڈا حکام کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ہماری خواہش ہوتی ہے کہ کم سے کم لوڈشیڈنگ ہوں لیکن بعض علاقوں میں بجلی چوری کرنے سمیت بل کی عدم ادائیگی کی وجہ سے حکام بالا اسلام آباد سے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے پروگرام بھیجتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ٹرانسفارمر مرمت کیلئے واپڈا کے ساتھ بھی ایک کمپنی کا معاہدہ ہو چکا ہے۔ گورنرنے اس موقع پر کہاکہ پشاور شہر کے علاقوں چوک یادگار، مینابازار،شاہین بازار، قصہ خوانی بازار، شعبہ چوک، ڈبگری چوک، کریم پورہ، جہانگیر پورہ سمیت دیگر علاقوں میں بوسیدہ تاروں کی تبدیلی کا کام شروع کیا جائے۔
تاروں کے گچھوں کو سلجھایا جائے۔ شہر میں بجلی کے بعض پولز پر میٹر نصب کئے گئے ہیں جس سے لوگوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔ بجلی میٹروں کی درست طریقے سے تنصیب اور ایک دوسرے سے فاصلہ اور اونچائی اس طرح یقینی بنائی جائے تاکہ کسی حادثہ کا باعث نہ بنیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی تمام علاقوں میں کیبلائزیشن کا عمل یقینی بناتے ہوئے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ گورنرنے کہاکہ ان علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے جہاں 100 فیصد ریکوری ہے اور پالیسی بھی یہی ہے کہ بل ادا کرنے والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے بعض علاقوں گلبہار، کوہاٹی، وزیرباغ، چن آغاکالونی، ورسک روڈ سمیت دیگر علاقوں کو مضافاتی علاقوں کے ساتھ شامل کیاگیاہے جس سے شہر کے لوگوں کو تکالیف کا سامنا کرناپڑ رہاہے۔
گورنرنے ہدایت کی کہ رنگ روڈ کے شہری سائیڈ کے جن علاقوں کو مضافات کے ساتھ شامل کیاگیاہے اْن کوشہری علاقوں سے منسلک کیاجائے۔ علاوہ ازیں گورنر سے نیشنل اولمپک گیمز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والی واپڈا کی باڈی بلڈرز ٹیم نے بھی گورنر ہاؤس کا دورہ کیا اور گورنر سے ملاقات کی، گورنر نے نیشنل گیمز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے واپڈا کی اڈی بلڈنگ کی ٹیم کے کھلاڑیوں مسٹر پاکستان محمد یاسین خان کو ٹرافی،محمد طارق خان کو گولڈ میڈل اور سلمان خان کو سلور میڈل پیش کیا۔بہترین کارکردگی دکھانے پر کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

مزید پڑھیں:  چینیوں کی گاڑی پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے، علی امین گنڈاپور/ حاجی غلام علی