190 ملین پاؤنڈ سکینڈل

190 ملین پاؤنڈ سکینڈل: بشریٰ بی بی کی درخواستِ ضمانت غیر مؤثر قرار

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے این سی اے کے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کی سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستِ ضمانت غیر مؤثر قرار دے دی۔
ویب ڈیسک: احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس کی سماعت کی جس کے دوران عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں موجود تھیں جبکہ عمران خان گاڑی میں موجود تھے۔
دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم اور بشریٰ بی بی کے وکلاء بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث سے کہا کہ آپ نے 2 بجے ہائی کورٹ بھی جانا ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ بشریٰ بی بی اپنے شوہر کے ہمراہ آتی ہیں اس لیے کہا تھا، احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ خواجہ حارث صاحب! آپ کے چہرے پر غصہ اچھا نہیں لگتا۔
نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ عمران خان نے 13 مئی کو ایک بیان جاری کیا، انہوں نے نیب اور چیئرمین نیب کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی، ان کی جانب سے نیب کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا گیا، عمران خان نے کہا کہ نیب نے بشریٰ بی بی کے وارنٹ جاری کیے، یہ بد نیتی ہے تاکہ نیب کو دبایا جائے، نہ ہم نے چھاپہ مارا، نہ حملہ کیا، نہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ جاری کیے گئے، ہماری کسی کے ساتھ ذاتی دشمن نہیں، ہم نے بشریٰ بی بی کے کبھی وارنٹ جاری نہیں کیے، انویسٹی گیشن کے لیے جب بلائیں تو بشریٰ بی بی ہمارے ساتھ تعاون کریں، خواتین کی عزت اور احترام کرتے ہیں، ابھی کوئی نوٹس جاری نہیں کیا، لیکن جاری کیا جائے تو تعاون کریں۔
نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے کسی قسم کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے، بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے۔
تفتیشی افسر کے بیان کے بعد عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواستِ ضمانت غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے انہیں جانے کی اجازت دے دی، اس کے بعد بشریٰ بی بی احتساب عدالت سے روانہ ہو گئیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بشریٰ بی بی کی درخواست نمٹا دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر ہونے کا ایک صفحے پر مشتمل تحریری تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دلائل سے معلوم ہوا کہ بشریٰ بی بی کے کوئی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے، تفتیشی افسر کے مطابق نہ وارنٹ جاری ہوئے نہ بشریٰ بی بی کی فی الحال گرفتاری درکار ہے، بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت دائر کی گئی، نیشنل اکاونٹیبلٹی آرڈیننس سیکشن 498 کے تحت بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت نمٹائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کی اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی کی حمایت