گورنر کی ہدایات اور زمینی حقائق

صوبائی دارالحکومت پشاور اور مضافات میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ او رصارفین بجلی کو درپیش مشکلات و مسائل سے متعلق عوامی شکایات پر گورنر ہائوس میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں گورنر نے کہا کہ پشاور شہرکے علاقوں چوک یادگار ‘ مینا بازار ‘ شاہین بازار ‘ قصہ خوانی ‘ شعبہ چوک ‘ ڈبگری چوک ‘ کریم پورہ ‘ جہانگیر پورہ سمیت دیگر علاقوں میں بوسیدہ تاروں کی تبدیلی کا کام شروع کیا جائے ‘ تاروں کے گچھوں کو سلجھایا جائے ‘ بعض پولز پر میٹرں کی تنصیب سے لوگوں کی جانوں کو لاحق خطرے کا سبدبا ب کیا جائے ‘ اس موقع پر پیسکو حکام کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ہماری خواہش ہوتی ہے کہ کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے لیکن بعض علاقوں میں بجلی چوری کرنے سمیت بلوں کی ادائیگی بھی ایک مسئلہ ہے ۔جہاں تک واپڈا حکام کی لوڈ شیڈنگ کوجائز قراردینے کے لئے تاویلات دینے کا تعلق ہے اس حوالے سے مکمل اتفاق نہیں کیا جا سکتا ‘ کیونکہ ہر علاقے میں بجلی چوری کا تناسب اتنا نہیں ہے جس کی وجہ سے بل باقاعدگی کے ساتھ ادا کرنے والوں کوسزا دیتے ہوئے پورے علاقے میں شیڈول لوڈ شیڈنگ کے علاوہ اضافی لوڈ شیڈنگ کرکے ”گیلی لکڑیوں کے ساتھ خشک لکڑیوں” کو بھی نذر آتش کیا جائے جو لوگ بجلی چوری کرتے ہیں یا بل ادا نہیں کرتے صرف ان کے خلاف ہی تادیبی کارروائی کرکے صورتحال کو بہتر کیاجا سکتا ہے ۔ جہاں تک بوسیدہ تاروں کی تبدیلی کا معاملہ ہے بہر سال (بوجوہ اورمبینہ بدعنوانی کے تحت) اعلیٰ کوالٹی کے تارو زیادہ قیمت پرلگائے جائیں تو ہر سال دوبارہ تبدیل کرنے کی نوبت نہ آئے مگر ہم من حیث القوم اور من حیث المجموع جس بددیانتی ‘ بدعنوانی ‘ قومی وسائل کی مبینہ لوٹ کھسوٹ کے عارضوں میں مبتلا ہیں اور جیبیں بھرنے کے بناء ہمارا گزارہ نہیں ہو سکتا ‘ جب تک ہم خداخوفی کا احساس نہیں کریں گے اور قومی خزانے کی لوٹ کھسوٹ سے ہاتھ نہیں کھینچیں گے ہمارے حالات درست نہیں ہو سکتے ‘ رہی بات ٹرانسفارمروںکی مرمت کے حوالے سے کسی کمپنی کے ساتھ معاہدے کی توجب ایسا معاہدہ ہوچکا ہے تو گرمی کی شدت کے دنوں میں جہاں جہاں ٹرانسفارمر خراب ہوجاتے ہیں تو لائن سٹاف علاقہ مکینوں سے مرمت کے اخراجات کے نام پر ہزاروں روپے کیوں طلب کرتے ہیں؟ اور ہر گھر سے سینکڑوں روپے اکٹھے کرنے کے بعد ہی ٹرانسفارمر مرمت کرکے بجلی بحال کی جاتی ہے ؟ اس کی بھی وضاحت کر دی جاتی تو بہترتھا۔

مزید پڑھیں:  قصے اور کہانی کے پس منظر میں