پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے آئندہ ماہ ہونے والے دو اہم ٹورنامنٹس کے لئے 28 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا ہے جن میں غیرملکی کلبز کے لئے کھیلنے والے 9 اوورسیز کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ قومی فٹ بال ٹیم پہلے آٹھ سے 18 جون تک ماریشز میں چارملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی جس کے بعد اسے 21 جون سے بھارت کے شہر بنگلور میں ساف کپ میں شرکت کے لئے جانا ہے۔ قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو گیا ہے جس میں اوتس خان اور عیسیٰ سلیمان پہلی بار پاکستان ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں ان کے علاوہ یوسف بٹ، عبداللہ اقبال، راہس نبی، ہارون حامد، عدنان یعقوب، عبدالصمن اور حسن بشیر غیرملکی کلبوں کی نمائندگی کرنے والے اوورسیز پاکستانی ہیں۔
