سینسر بورڈ کی چیئرپرسن

پہلی مرتبہ خاتون مرکزی سینسر بورڈ کی چیئرپرسن تعینات

وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون رئیسہ عادل کو مرکزی فلم سینسر بورڈ کے چیئرپرسن کے عہدے پرتعینات کردیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں رئیسہ عادل کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی فلم انڈسٹری روز بروز ترقی کررہی ہیں، ہم ملک میں تیار ہونے والی فلموں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں تاکہ فلم انڈسٹری کو فروغ دے سکیں۔ جدید دور میں فلم کے ذریعے پراپیگنڈا ہوتا ہے۔ رائے عامہ ہموار کرنے کے علاوہ دشمن کے خلاف پراپیگنڈا کے لیے بھی فلم کا سہارا لیا جاتا ہے۔ رئیسہ عادل نے بتایا کہ پڑوسی ملک بھارت اپنی فلم انڈسٹری کو پاکستان مخالف پراپیگنڈے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ جب سے بھارت نے پاکستان مخالف ایجنڈا نافذ کیا اس دن سے بھارت کی فلموں پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی ہے اور اگر ہم نے بھارت کی فلموں کی نمائش پاکستان میں بند کرنی ہے تو کم از کم اپنی فلم انڈسٹری کو تو اس معیار پر لانا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ فلم اکیڈیمی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس اقدام سے فلم سازوں کو ایک عالمی معیار کا ماحول ملے گا، اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہم اپنے لوگوں کو اپنی فلمیں دکھائیں تو فلموں کو بننے دینا ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ فلمیں بنیں اور فلم انڈسٹری منافع بخش بزنس بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلم سینسر بورڈ کے فلم آڈیوڑیم کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے اور نئے بورڈ کی تشکیل کے لئے سمری ارسال کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی بھارتی گلوکار بادشاہ کیساتھ نئی ویڈیو وائرل