بشریٰ انصاری اسٹینڈ اپ کامیڈی شو

”ملکہ تبسم بشریٰ انصاری اسٹینڈ اپ کامیڈی شو” اگلے ماہ سے کراچی میں شروع ہوگا

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ”ملکہ تبسم بشریٰ انصاری اسٹینڈ اپ کامیڈی شو” کے حوالے سے تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، معروف اداکارہ بشری انصاری، ساجد حسن، داور محمود، سید نی نی اور سعد خان نے بریفنگ دی۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ بشریٰ انصاری سے بڑی خاتون سیلیبرٹی ہمارے ملک میں کوئی نہیں ہے۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں بہت نروس ہو رہی ہوں۔ یہ اسٹینڈ اپ کامیڈی ہے۔ باہر ملک میں مزاح آزاد ہے۔ وہاں کے لوگ فکروں سے آزاد ہیں۔ ان کے اسٹینڈ اپ سے میرے شو کا موازنہ نہ کیا جائے۔ جو کچھ میں کرتی آئی ہوں وہی آگے لے کر چلوں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرا آپ سب سے تعلق 45 سال پرانا ہے۔ پہلے میں نے کہا کہ یہ مجھ سے نہیں ہو پائے گا۔ اسٹینڈ اپ میں لوگ گندی گندی باتیں کر جاتے ہیں۔ میں ایسا کچھ نہیں کر سکتی۔ میں اسٹیج پر پہلے بھی کافی کچھ کرتی آئی ہوں۔ یہ میرے لیے ایک نیا تجربہ ہو گا۔ آپ اسے اسی طرح دیکھیں گے جیسا آپ مجھے دیکھتے آئے ہیں۔ ڈائریکٹر داور محمود نے کہا کہ 25 جون سے 10 جولائی تک ”ملکہ تبسم” کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا۔