ڈالر 13 روپے

ڈالر 13 روپے اور سونا 5400 روپے فی تولہ سستا ہوگیا

ویب ڈیسک: کریڈٹ کارڈز کی بیرونی ادائیگیوں کے لئے انٹربینک مارکیٹ سے ڈالر کی خریداری کی اجازت نے اوپن مارکیٹ پر دبا کم کر دیا ہے جس کے نتیجہ میں اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 13 روپے سستا ہوگیا جبکہ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 5400 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ جمعرات کے روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ہی ڈالر کی قدر یک دم 25 روپے 75 پیسے کی کمی سے 285 روپے 75 پیسے کی سطح پر آگئی جس سے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کا فرق نہ ہونے کے برابر رہ گیا۔
اس دوران نچلی قیمتوں پر وقفے وقفے سے ڈیمانڈ کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا اوپن ریٹ 13 روپے کی کمی سے 298 روپے کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 8 پیسے کی کمی سے 285.38 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان کے مطابق بینکوں کے 5 کروڑ کریڈٹ کارڈز ہولڈرز کے لئے یومیہ 15 سے 20 ملین ڈالر کی ادائیگیاں کی جاتی ہیں جو اب تک تمام تر اوپن مارکیٹ سے خریداری کرکے پوری کی جاتی رہی ہیں تاہم اب سٹیٹ بینک نے 31 جولائی تک کریڈٹ کارڈز کی ادائیگیاں انٹر بینک کائونٹر سے کئے جانے کی سہولت دے دی ہے۔ مذکورہ فیصلے سے اوپن مارکیٹ پر ڈالر کی خریداری کے لیے دبائو کم کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ بینکوں کے صارفین کی کراس بارڈر ٹرانزیکشنز کا 80 فیصد دبائو اوپن کرنسی مارکیٹ پر تھا
جس سے انہوں نے وزیرخزانہ کو آگاہ کیا تھا کہ انہی عوامل کے باعث ڈالر کے اوپن ریٹ بے قابو ہوتے جارہے ہیں ۔ کریڈٹ کارڈز کی مد میں ماہانہ 400 ملین ڈالر کی ادائیگیوں کی صورت میں کمرشل بینکوں کے ذخائر تیزی سے گر سکتے ہیں۔ دوسری جانب ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 5400 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 5400 روپے کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کا بھا 2 لاکھ 29 ہزار روپے ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  بجلی چوری اور اوور بلنگ، ایف ائی اے کی چھاپہ مار ٹیموں کی سیکورٹی کا مطالبہ