پرویزخٹک پارٹی عہدہ چھوڑ گئے

پرویزخٹک پارٹی عہدہ چھوڑ گئے

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر پرویز خٹک نے پارٹی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر سابق سپیکر اسد قیصر بھی ان کے ہمراہ بیٹھے تھے ۔پرویز خٹک نے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات دیکھ رہا تھا، 9 مئی کو کچھ بھی اچھا نہیں ہوا، میں اس سے پہلے بھی واقعے کی مذمت کرچکا ہوں، اللہ نہ کرے ایسا واقعہ دوبارہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا سیاسی ماحول خراب ہے، میں نے فیصلہ کیا ہے پارٹی کا عہدہ چھوڑ رہا ہوں، آئندہ کا فیصلہ دوستوں کے ساتھ مشاورت کے بعد طے کروں گا۔ اس سے قبل نوشہرہ میں میڈیا سے ٹیلی فونک بات چیت میں سابق وزیر اعلی پرویز خٹک نے پارٹی کے ساتھ وابستگی ختم کرنے یا کوئی نئی جماعت بنانے کے حوالہ سے افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ تھے اور آخری دم تک عمران خان کے ساتھ رہیں گے۔ فواد چوہدری کا خیبر پختون خوا میں مجھ سمیت کسی بھی رہنما سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ فواد چوہدری جھوٹا ہے اور بے پرکیاں اڑا کر اپنا سیاسی قد کاٹھ بڑھانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ دوستی اپنی جگہ مگر نئی پارٹی بنانے یا نو مئی واقعات کے پیش نظر نہ تو ان سے کوئی رابطہ کیا ہے اور نہ اس سلسلہ میں کوئی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے تمام ساتھی کسی بھی صورت میں پی ٹی آئی کو چھوڑنے یا سابق وزیر اعظم عمران خان سے لاتعلقی کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اگر عمران خان اکیلا رہ گیا تو بھی اس کے ساتھ کھڑا دوسرا شخص پرویز خٹک ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن فواد چوہدری نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کی ہے
اسی روز سے انکا فواد چوہدری سے رابطہ نہیں ہوا ہے ۔ پرویز خٹک نے سابق سپیکر اسد قیصر او شہرام ترکئی کا نام لے کر کہا کہ ان کے ساتھ بھی فواد چوہدری کا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پارٹی پوری طرح منظم ہے ہم آپس میں رابطے میں ہیں۔ ہماری کوشش ھے کہ زیر عتاب کارکنوں اور ساتھیوں کو قانونی اور دیگر سہولیات فراہم کریں۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان حکومت کا ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان