پرینیتی چوپڑا

پرینیتی چوپڑا نے پاکستانی گانا گا کر سب کو حیران کر دیا

بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے انسٹاگرام پر پاکستانی گانا گانے کی ویڈیو پوسٹ کی جسے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بعض اوقات اچھے لمحات اچانک رونما ہوجاتے ہیں، وہ ایک کام کیلئے ڈبنگ اسٹوڈیو گئی تھیں اور وہ خود کو اپنے پسندیدہ ترین گانے کو گانے سے باز نہیں رکھ سکیں۔ انہوں نے پاکستانی گلوکارواں عابدہ پروین اور نصیبولال کا مشہور گانا ”تو جھوم” گایا۔ وڈیو پوسٹ ہوتے ہی جہاں سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے اداکارہ کی تحسین کی گئی وہیں شوبز ساتھی فنکاروں نے بھی ان کی تعریف کی ہے۔ پرینیتی چوپڑا ایک باصلاحیت ادکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک گلوکارہ بھی ہیں اور انہوں نے کلاسیکی موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ بالی وڈ کی متعدد فلموں کیلئے گانے گاچکی ہیں اور فلم کیسری کے مشہور گانے تیری مٹی میں بھی ان کی آواز شامل ہے۔