پاکستان اور جرمنی کا سکرین ٹورازم کو فروغ دینے کا فیصلہ

وزیراطلاعات مریم اور نگزیب سے جرمن سفیر ایلفرڈ گرناس کی ملاقات ہوئی جس میں بیبلسبرگ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ٹیلی ویژن اینڈ فلم میونک کے ساتھ اشتراک عمل کی تجویز سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراطلاعات نے جرمن سفیر کو فلم اینڈکلچر پالیسی اور اس کے تحت مراعات کے بارے میں آگاہ کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کی خوبصورت، ثقافت اور تہذیب وتمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ غیرملکی فلم سازوں کو پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستانی طالب علموں کو فلم، آرٹ اینڈ کلچر میں فنی تربیت کے لئے جرمن اداروں کے تعاون کے خواہاں ہیں۔ وزیراطلاعات نے جرمن سفیر کو آگاہ کیا کہ دوطرفہ تجارت کا حجم 4 ارب ڈالر ہے جس بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برلن میں اقبال گوئٹے آرٹ اینڈ کلچر سینٹر کے قیام سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔ جرمن سفیر ایلفرڈ گرناس نے بھی وزیراطلاعات کی فلم اینڈ کلچر کے فروغ کے لئے کوششوں کو خوب سراہا۔