پرویز الٰہی گرفتار ہوگئے

پرویز الٰہی ایک مقدمہ میں بری، دوسرے میں گرفتار ہوگئے

ویب ڈیسک: لاہور کی عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں مذکورہ مقدمہ میں بری الذمہ قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ پرویز الہٰی کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں رہا کر دیا جائے تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے رہائی کے حکم کے فوری بعد پرویز الٰہی کو کرپشن کے ایک اور مقدمہ میں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ۔ اینٹی کرپشن کے مطابق پرویز الٰہی کو گوجرانوالہ منتقل کرنے کے لئے ایلیٹ فورس کی نفری منگوالی گئی تھی۔ حکام کے مطابق پرویز الٰہی پر گوجرانوالہ اور گجرات میں اربوں روپے کی کرپشن کے 2 مقدمات درج ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق پرویز الٰہی کی یکم جون کو گوجرانوالہ کے مقدمہ میں ضمانت منسوخ ہوئی تھی۔ قبل ازیں ڈرامائی انداز میں گرفتار ہوئے تحریکِ انصاف کے صدر اور سابق وزیرِ اعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کو گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں کرپشن کے الزام میں لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کے روبرو پیش کیا گیا جہاں اینٹی کرپشن حکام نے عدالت سے پرویز الہٰی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ اینٹی کرپشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ گجرات میں سڑک کی تعمیر کی 20 ستمبر 2022ء کو منظوری دی گئی، 25 کروڑ 5 لاکھ 88 ہزار کی ادائیگیاں بھی کی گئیں
، مجموعی طور پر 268 ملین روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، 35 ملین روپے کی بوگس ادائیگیاں بھی کی گئیں، 40 ملین روپے کی بوگس ادائیگی ریت مٹی کے کھاتے میں کی گئی، پراجیکٹ منظوری سے پہلے جاری کر دیا گیا، بولیاں بھی منظوری سے پہلے مانگی گئیں، 17، 22 اور 57 کلو میٹر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں بوگس ادائیگیاں کی گئیں، لالہ موسیٰ، ڈنگہ سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے غیر قانونی ٹھیکے دیئے گئے، تمام منصوبوں میں مجموعی نقصان 1229 ملین روپے کا پہنچایا گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جن کو ٹھیکے دیئے گئے ان میں سے کس کس کو شاملِ تفتیش کیا گیا؟ اس معاملے پر اندرونی انکوائری کہاں پر ہے؟
اینٹی کرپشن کے وکیل نے بتایا کہ رولز کے تحت انکوائری شروع کی گئی ہے، حتمی ٹیکنیکل رپورٹ 10 اپریل کو اینٹی کرپشن نے تیار کی۔ چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل رانا انتظار ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کس کے کہنے پر مقدمہ درج کیا گیا کوئی پتہ نہیں، یہ سہیل عباس کو پرویز الٰہی کا فرنٹ مین کہتے ہیں، گوجرانوالہ کی عدالت سہیل عباس کو مقدمے سے ڈسچارج کر چکی ہے، اینٹی کرپشن نے لاہور میں ایک اور مقدمہ درج کیا، مقدمے میں محمد خان بھٹی اور سہیل سمیت دیگر کو ملزم بنایا گیا، پنجاب کے مختلف اضلاع میں پرویز الٰہی کے خلاف 5 مقدمات درج کئے گئے، جتنے ترقیاتی منصوبے شروع کئے وہ تمام بجٹ میں شامل تھے، مقدمے کا اندراج اور تاریخِ وقوعہ میں ایک سال کا فرق ہے، بغیر انکوائری اور نوٹس کے مقدمہ درج کیا گیا۔ جج نے کہا کہ دلائل سننے کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔
رانا انتظار ایڈووکیٹ نے کہا کہ اینٹی کرپشن والے نیا قانون لا رہے ہیں، جج بھی ان کا اپنا ہوا کرے گا۔ فاضل جج نے کہا کہ اینٹی کرپشن کی اپنی مرضی ہے جو چاہے کریں۔ رانا انتظار ایڈووکیٹ نے کہا کہ 17 جنوری 2023ء کو 36 کروڑ روپے کی ادائیگی ہوئی، اس وقت محسن نقوی وزیرِ اعلیٰ تھے، اینٹی کرپشن کا افسر ٹیکنیکل انکوائری کر رہا ہے، ٹیکنیکل رپورٹ سی اینڈ ڈبلیو ہی تیار کر سکتا ہے۔ عدالت نے پرویز الٰہی کے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے اس مقدمہ میں پرویز الٰہی کو بری کردیا۔ پرویز الٰہی کے وکلاء سے سیشن جج کے ریٹائرنگ روم میں پولیس نے کہا کہ پرویز الٰہی کو ساتھ لے جانا چاہتے ہیں۔ پرویز الٰہی کے وکلاء نے کہا کہ ابھی آرڈر پاس نہیں ہوا آپ پرویز الٰہی کو نہیں لے جا سکتے۔ سیشن جج غلام مرتضیٰ نے پرویز الٰہی کے وکلاء سے کہا کہ جو آرڈر پاس کروں گا، آپ کو ماننا پڑے گا، کوئی بدمزگی نہیں ہونی چاہئے۔ پیشی سے قبل چوہدری پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں بیٹے راسخ الٰہی سے ملاقات کی۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں بے گناہ ہوں، پاک فوج کا حامی ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لئے پیغام ہے کہ وہ تگڑے رہیں، انہوں نے گھبرانا نہیں ہے۔ پرویز الٰہی نے  کہا کہ اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہیں۔ میں نے کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا تھا، مجھ پر یہ ظلم محسن نقوی کرا رہے ہیں ۔ سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے یہ بھی کہا کہ یہ برا کر رہے ہیں اور بُرا ہی بھگتیں گے ۔

مزید پڑھیں:  اقتدار کے نشے میں‌دھت مودی کی انتخابی مہم، تمام قواعد بالائَے طاق رکھ دیئے