16 گینگز

پشاور،1ماہ کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 16 گینگز بے نقاب

ویب ڈیسک: پشاور پولیس نے ایک ماہ کے دوران سٹریٹ کرائمز سمیت مختلف جرائم میں ملوث 16گینگز کو گرفتارکیا جبکہ اس دوران دہشتگردی کے متعدد منصوبوں کو ناکام بناتے ہوئے 13عدد دستی بم، 10کلوگرام بارودی مواد سمیت بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ اسی طرح امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے 289 سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کرکے گھر گھر تلاشی کے دوران 892 سے زائد مشکوک و مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش کی گئی۔ اس ضمن میں گزشتہ ماہ کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے ۔
سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور کے مطابق گزشتہ ماہ سٹریٹ کرائمز سمیت منشیات فروشوں ، غیر قانونی اسلحہ و دیگر جرائم میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیاں کی گئیں، اس دوران مجموعی طور پر 16 گینگز کو بے نقاب کرتے ہوئے 67 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضہ سے 71 لاکھ روپے، 231 چھینے گئے موبائل فونز، ساڑھے 3تولے سونا ، 7 گاڑیاں ،26 موٹر سائیکلیں اور لاکھوں مالیت کے چھینے گئے دیگر قیمتی اشیاء برآمد کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں قیام امن کیلئے جیلوں سے رہا ہونے والے عناصر سمیت قبضہ مافیا، راہزنی، ڈکیتی و دیگر جرائم میں ملوث عناصر کی از سرنو فہرستیں مرتب کر کے انکی نگرانی کا عمل شروع کیا گیاجبکہ ان سے روابط رکھنے والے افراد کی بھی چھان بین کی گئی ۔
اس طرح ایک ماہ میں منشیات سمگلنگ سمیت مختلف جرائم میں ملوث800سے زائد ملزمان پکڑے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ ناصر باغ کے علاقے میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنایاگیا، کاروائیوں کے دوران 13 دستی بم اور10کلو گرام بارودی موادبھی ناکارہ بنایاگیا جبکہ جرائم پیشہ عناصر سے57عدد کلاشنکوف،6 کالا کوف، 36 شاٹ گن،180 بندوق اور 718 پستول برآمد کئے گئے ۔رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں 29 کلو گرام سے زائدآئس، 14 کلوگرام ہیروئن، 54کلو افیون و 300 کلو گرام چرس بھی برآمد کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  ایکس کی بندش کے سوا کوئی راستہ نہیں، وزارت داخلہ