ٹرینوں میں تصادم

بھارت: مسافر اور مال بردار ٹرینوں میں تصادم، اموات کی تعداد 288 ہوگئی

مشرقی بھارتی ریاست اڑیسہ میں ایک مال بردار ٹرین اور پٹری سے اترنے والی دو مسافر ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 288 تک پہنچ گئی ہے جبکہ حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ویب ڈیسک: بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ سے چنائی جانے والی مسافر ٹرین کی متعدد بوگیاں بھارتی ریاست اریسہ کے ضلع بالاسور میں پٹری سے اتر کر دوسری پٹری پر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے جا ٹکرائیں۔ اسی دوران ایک مال گاڑی بھی دونوں ٹرینوں سے ٹکرا گئی۔
ٹرینوں کے تصادم کے بعد جائے حادثہ پر قیامت کا منظرتھا۔ قریبی دیہاتوں سے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مسافروں کی امداد کو پہنچے۔ حادثے میں لقمہ اجل بننے والوں کے اعضا دور دور تک پھیل گئے جبکہ 900 افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق ٹرینوں کی تباہ ہونے والی بوگیوں کے درمیان سیکڑوں افراد اب تک پھنسے ہوئے ہیں۔ سیکڑوں ریسکیو اہلکار، سیکورٹی فورسز اہلکار اورایمبولینسز امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تباہ ہونے والی بوگیوں کو کاٹ کر پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔ ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، صوبہ بھر میں میٹرک امتحانات شروع، 3 ہزار سے زائد امتحانی ہال قائم