پہلے اسلام آباد پھر لاہور اور کراچی ایئرپورٹس آؤٹ سورس کرینگے، سعد رفیق

وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نیویارک روز ویلٹ ہوٹل تین سال کے لیے لیز پر دے دیا جس سے ملک کو اربوں روپے کی آمدنی ہوگی۔
ویب ڈیسک: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل کے 1025 کمروں کو 3 سال کی لیز پر دے دیا ہے، یہ معاہدہ پاکستان کیلئے فائدہ مند ہے، ہم سخت پریشانی میں تھے، سمجھ نہیں آ رہی تھی اس ہوٹل کے ساتھ کیا کیا جائے، ہم نے 18 دن میں 600 کمرے ہینڈ اوور کر دیے ہیں، ہوٹل جس حالت میں ہے اسی حالت میں واپس ملے گا، اس لیز سے پاکستان کو 220 ملین ڈالر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیویارک کی سٹی ایڈمنسٹریشن کے ساتھ کنٹریکٹ سائن ہوا ہے، اب اس ہوٹل کے بارے میں تمام کہانیاں ختم ہوگئی ہیں، آؤٹ سورس کا مطلب بیچنا نہیں ہے، پاکستان میں ایئرپورٹس آؤٹ سورس کا تجربہ کسی کا نہیں تھا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک، ایک کرکے تمام ایئرپورٹس آؤٹ سورس ہوں گے، ایئر پورٹس موجود ہیں لیکن بنیادی سہولتیں موجود نہیں، کوئٹہ کے رن وے کو تعمیر کر دیا گیا ہے، فیصل آباد کے پرانے رن وے کی تعمیر نو، لاہور ایئرپورٹ کے رن وے کی بھی اپ گریڈیشن ہوچکی جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے بھی ہمارے پاس فنڈز موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ سے عازمین حج براہ راست کبھی نہیں گئے تھے، کوئٹہ سے پہلی بار ڈائریکٹ حج فلائٹس چل رہی ہیں، پاکستان کے لوگوں کو حق حاصل ہے کہ ان کو بہترین جہاز ملیں، بہتری کیلئے ہمیں پرائیویٹ سیکٹر کو درمیان میں لانا ہوگا، وقت کم ہے مگر ہم پی آئی اے کو ٹریک پر ڈال جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  ایکس کی بندش کے سوا کوئی راستہ نہیں، وزارت داخلہ