پیشہ ور بھکاریوں

پشاور پر پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار،رنگ روڈ پر خیمہ بستیاں بسا لیں

ویب ڈیسک:صوبائی دارالحکومت پشاور کچھ عرصہ سے پیشہ ور بھکاریوں کے نرغے میں ہے،شہر کے مختلف بازاروں ،منڈیوں اور تفریحی مقامات کے آس پاس جہاں مقامی بھکاری ہروقت منڈلاتے نظر آتے ہیں وہاں دوسرے علاقوں سے آئے ہوئے پیشہ ور بھکاریوں نے بھی ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،ان غیرمقامی پیشہ ور بھکاریوں میں سب سے منظم گروہ پنجاب اور سندھ کی بائونڈری پر واقع علاقوں سے آئے ہوئے بھکاریوں پر مشتمل ہے جس نے پشاور رنگ روڈ پر جگہ جگہ خیمہ بستیاں قائم کررکھی ہیں
اس گروہ میں شامل مرد سارا دن خیموں میں لڈو اور تاش کی بازیاں کھیلتے رہتے ہیں جبکہ ان کی عورتوں اور بچیوں کوانتہائی منظم اندازمیں صبح سویرے ہی شہر کے بازاروں اور مصروف مقامات میں پھیلا دیا جاتاہے ،بلوچی کڑھائی والے لباس میں ملبوس ان عورتوں اور بچیوں کو نہ صرف شہر کے مختلف مقامات بلکہ مضافات تک میں بھیک مانگنے پر لگا دیا جاتا ہے ،مختلف بازاروں ،منڈیوں ،کھانے پینے کے مراکز ، تفریحی مقامات اور دیگر جگہوں پر یہ عورتیں اور بچیاں اس وقت تک لوگوں کا پیچھا کرتی رہتی ہیں جب تک ان سے پیسے بٹورنہ لیں،چونکہ مقامی لوگ ان پیشہ ور بھکاریوں کو پہچان چکے ہیں اس لئے بعض مقامات پر یہ عورتیں مقامی برقعے پہن کر بھیک مانگتی نظرآتی ہیں
چند سال قبل اس گروہ میں شامل افراد کی ایک معقول تعداد نے سوات کا رخ کرلیا تھا جہاں انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان لوگوں کو ٹرکوں میں بھر کر ضلع سوات کی حدود سے نکال باہر کردیا تھا لیکن صوبائی دارالحکومت پشاور میں انہیں کھلی چھوٹ دی گئی ہے حالانکہ یہاں محکمہ سماجی بہبود کے وزیر اور سیکرٹری سے لیکر ضلعی سوشل ویلفیئر آفیسر تک پوری مشینری موجود ہے لیکن اس کے باوجود اس گروہ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

مزید پڑھیں:  ملکی معاشی استحکام کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا، شہباز شریف