حافظ نعیم الرحمٰن

پی پی اکثریت ثابت نہیں کر سکے گی، میئر ہمارا بنے گا، حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکےگی اور میئر جماعت اسلامی کا ہی بنے گا۔
ویب ڈیسک: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے رابطہ ہے، پارٹیوں کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں، کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ ہو رہی ہے، کے ای ایس سی کی نجکاری سے متعلق سپریم کورٹ میں ہماری درخواست زیرِ سماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کمپنیوں کا معاہدہ ریاست کے ساتھ ہوتا ہے، یہ خراب پلانٹ چلاتے ہیں، یہ اس لئے مفاد عامہ کا کیس ہے کہ کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اس عفریت سے ہماری جان چھڑائی جائے، 2015 میں ہیٹ ویو میں متعدد لوگ جاں بحق ہوئے، یہ کراچی ہے جو ملک کی معیشت چلاتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف ایک ہی پارٹی ہے، سپریم کورٹ سے بڑی چیز ملک میں کوئی نہیں ہے، نیپرا کی ہر سماعت میں صرف جماعت اسلامی شریک ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑوں گا، پتہ لگایا جائے کس کس نے ہمارے ٹیکسوں کے پیسے کھائے، کون کون سی حکومتیں اس میں شامل ہیں، پیپلزپارٹی کے نمبر پورے نہیں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کو دیکھنا چاہیے کونسی جماعت کراچی کی خدمت کرے گی، یہ اپنی اکثریت پوری نہیں کر سکیں گے، شہر قائد کا میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔

مزید پڑھیں:  فیض حمید نے فیض آباد دھرنے کے دوران استعفے کا کہا، زاہد حامد