544779 35580854

پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا

لاہور: ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے دوست محمد مزاری کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی، ان کے علاوہ اسمبلی کے 3 ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق دوست محمد مزاری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے وہ 2 ہفتے قبل دبئی سے پاکستان آئے تھے لیکن اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہا کہ خود کو اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ کر لیا ہے تاہم کوئی علامات بظاہرنہیں ہیں صرف ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 اپریل کو دبئی سے وطن واپس پہنچا تھا اور نجی لیب سے کورونا ٹیسٹ کرایا لیکن رپورٹ منفی آئی تھی۔ اس قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت بیشتر اہم افراد بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 639 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 29 ہزار 465 تک پہنچ چکی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1991 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 21 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  بجلی کا یونٹ 2 روپے 94 پیسے مزید مہنگا ہونے کا امکان