پشاور شہر میں بڑی تباہی

پشاور شہر میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا

سی ٹی ڈی کی پاک فوج کے ہمراہ بروقت کارروائی، پشاور شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔
ویب ڈیسک:تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے پاک فوج کے ہمراہ متنی کے علاقے میں کالعدم ٹی ٹی پی کے آلہ کار گروپ کیخلاف بروقت کارروائی کرکے پشاور شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا، کامیاب آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ دو زخمی دہشتگرد اندھیرے کافائدہ اٹھاتے ہوئے ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی کاشف آفتاب عباسی نے پشاور میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے متنی اورادزئی میں کالعدم ٹی ٹی پی کے آلہ کار کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں تاہم کل شام دہشتگرد گروپ کی جانب سے پشاور شہر میں بڑی کارروائی کی اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی نے پاک فوج کے ساتھ مل کر بروقت کارروائی کرتے ہوئے پشاور شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
کاشف آفتاب عباسی کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران سپاٹ کے قریب پہنچنے پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک دہشتگرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کاکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اندھیرے کافائدہ اٹھاتے ہوئے زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران مارے گئے دہشتگرد کی لاش اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ادزئی چوکی پر آئی ای ڈی سے حملہ کرنے والا یہ گروہ بھتہ اور دوسری وارداتوں میں ملوث تھا
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، بھتہ کی شرح میں کمی آئی ہے تاہم صورتحال میں مزید بہتری کی گنجائش ابھی باقی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی اپنانی ہوگی، ثمرہارون بلور