دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک:وفاقی حکومت نے توانائی کی بچت کیلئے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ توانائی بچانے کیلئے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، کمرشل ایریاز 8 بجے بند ہوجائیں گے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ ترقی کرنے کیلئے ہمیں اپنے طور طریقے بدلنا ہوں گے، خدشہ ہے اس سال کے آخر تک تیل کی قیمت 100 ڈالر تک نہ چلی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ قومی اقتصادی کونسل کو 2035 آؤٹ لک پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ 2035 تک 570 ارب ڈالر کی معیشت بن سکیں، ان مقاصد کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ 1150 ارب روپے رکھا گیا ہے، غریب ترین 20 اضلاع کو ترقی دیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی ترقی کیلیے 100 ارب روپے رکھ رہے ہیں۔ اجلاس میں فائیو ای فریم ورک کی منظوری دی گئی، حکومت گرین انرجی کو فروغ دے گی، ایل ای ڈی بلب لگائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ای۔پاکستان کے ذریعے ڈیجیٹل انقلاب لائیں گے، انٹرنیٹ فار آل کو فروغ دیں گے، نیشنل فلڈ پروٹیکشن اور فوڈ سیکیورٹی گرین انقلاب کے منصوبے بھی شروع ہوں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے، معیشت کی بہتری کیلئے برآمدات کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کو فروغ دینا ہے، ای۔پاکستان بہت وسیع منصوبہ ہے
نیشنل سینٹر فار مینوفیکچرنگ بنائیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ انوائرمنٹ کے شعبے کو ترجیح دیں گے، واٹر سیکیورٹی کو فروغ دیں گے، ہم نے ملک سے دہشت گردی ختم کی اور اب ملک کے معاشی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید خطرات ہیں، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے سبز انقلاب لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  چینی قافلہ پر خودکش حملہ، گاڑی بم پروف نہیں تھی، فرانزک رپورٹ