اوول ٹیسٹ، انڈیا کیخلاف آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم

اوول میں جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں انڈیا کیخلاف آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے، آسٹریلیا کے بولرز نے انڈیا کی بیٹنگ لائن کو چلنے نہیں دیا۔ بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوا اور آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگ میں سٹیون سمتھ اور ٹریوس ہیڈ کی سنچریوں کی بدولت 469 رنز بنا ڈالے۔ ٹریوس ہیڈ 163 اور سٹیون سمتھ 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر ایلیکس کیری 48، ڈیوڈ وارنر 43 اور مارنوس لبوچانے 26 رنز بنا سکے۔ کپتان پیٹ کمنز صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بھارت کی جانب سے سبھی بولرز مہنگے ثابت ہوئے۔ محمد شامی نے 122 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد سراج نے 4 وکٹوں کے لئے 108 رنز دیئے، شردل ٹھاکر نے 83 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رویندر جدیجہ کو 1 وکٹ 56 رنز میں پڑی۔ جواب میں بھارت کی اوپننگ اور مڈل آرڈر بیٹنگ لائن مکمل فلاپ ہو گئی۔ اور دوسرے دن کھیل کے اختتام تک بھارت کے 151 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ 30 رنز پر پہلی اور اسی مجموعے پر دوسری وکٹ گری۔ کپتان روہت شرما 15، شبمن گل 13، چیتشور پجارا 14، ویرات کوہلی 14 اور رویندر جدیجہ 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اجنکیا رہانے 29 اور سریکار بھارت 5 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔ بھارت آج تیسرے دن کے کھیل آغاز 151 رنز سے کرے گا جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں اور بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے سکور سے 318 رنز ابھی بھی پیچھے ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20 بارش کی نذر