من مانی قیمتیں

پشاور’اشیاء خوردونوش کی من مانی قیمتیں’ انتظامیہ غائب

ویب ڈیسک: پشاور میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نرخ نامہ صرف کاغذ کے ٹکڑے کی حیثیت اختیار کر گیا دکانداروں نے دودھ، دہی، گوشت، روٹی ، سبزیاں اور پھلوں کی من مانی قیمتیں وصول کرنا شروع کردی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ بھی اپنے ہی جاری کردہ نرخ نامہ پر عمل درآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ پشاور میں بڑے گوشت کی فی کلو سرکاری قیمت 550روپے مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں بڑا گوشت 850 روپے فی کلو سے کم میں دستیاب ہی نہیں ہے جبکہ قیمہ فی کلو 900روپے میں مل رہا ہے
چھوٹا گوشت فی کلو 1500سے لیکر 1700روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے اسی طرح پشاور میں دودھ سرکاری نرخ کے مطابق 180روپے فی لیٹر ہے جبکہ شیر فروش دودھ فی لیٹر 220سے لیکر 240روپے تک بیچ رہے ہیں دہی کی قیمت 200روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں 240سے 260روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ضلعی انتظامیہ نے روٹی کی قیمت 20روپے مقرر کرتے ہوئے اس کا وزن 120گرام مقرر کردیا ہے جبکہ پشاور میں 20روپے میں ملنے والی روٹی کا وزن 100گرام سے بھی کم ہے جبکہ 120گرام روٹی کی قیمت 30روپے وصول کی جا رہی ہے ۔
کئی مقامات پر ڈبل روٹی کے نام پر 200گرام سے بھی کم روٹی 40روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔ پشاور میں مرغی کا گوشت مسلسل مہنگا ہورہا ہے اور اس وقت زندہ مرغی کا گوشت 460روپے فی کلو مقرر ہے تاہم مارکیٹ میں مرغی بغیر وزن کے فروخت کی جار ہی ہے اور اس کی قیمت 800سے لیکر 1000روپے وصول کی جا رہی ہے ضلعی انتظامیہ کے چند افسران چھاپے مار کر سوشل میڈیا پر تصاویر جاری کر دیتے ہیں تاہم اندرون شہر پشاور سمیت دیہی علاقوں میں اشیاء خوردونوش کے نرخ نامہ پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت، لوڈر رکشہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا، 4 افراد شدید زخمی