ضلع خیبر کے باڑہ بازار میں پولیس سٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکہ، ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ویب ڈیسک: تفصیلا ت کے مطابق ضلع خیبر کے باڑہ بازار میں پولیس سٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکہ، ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق باڑہ بازار میں واقع تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ بھی ہوئی۔ دھماکہ کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ واقع کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو کی جانب سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ دھماکے سے عمارت کی چھت گرنے سے ایک شخص دب گیا، جس کو نکالنے کیلئے ہیوی مشینری روانہ کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے بعد ہونے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق ایک پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگیا جبکہ زخمیوں میں ایک ایچ ایم سی، 3 زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 6 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق کمپاؤنڈ کے اندر باڑہ تھانہ، سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں جب کہ تھانے کے اندر سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں باڑہ بازار میں دھماکا بظاہر خودکش لگ رہا ہے۔
