بنوں میں جشن آزادی تقریبات کا بھرپور انعقاد، ریلی نکالی گئی

ویب ڈیسک: ضلع بنوں میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کمشنر ہاؤس میں کیا گیا اس دوران پرچم کشائی کی گئی جس کو بعد ازاں سلامی بھی دی گئی، تقریب میں ڈویژنل انتظامیہ، فوجی پولیس اور سویلین افسران نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پرویز ثبت خیل نے کہا کہ آج ہم 76 ویں جشن آزادی منا رہے ہیں، اس دوران قومیں اتنی ترقی نہیں کرتی مگر ہم نے بہت کچھ پایا۔ مزید ترقی اور امن کیلئے ہم سب کو رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر ایک ہونا ہوگا۔
بنوں یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خیرالزمان کی ہدایت پر جشن آزادی کی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں طلبہ اور عملے کے ممبران نے شرکت کی۔ یونیورسٹی میں عرصے سے پڑے پتھروں سے تیس فٹ لمبا اور بیس فٹ چوڑا پاکستان کا قومی پرچم بنا کر ثابت کیا گیا کہ وطن سے محبت کا اظہار وسائل کا محتاج نہیں ہوتا، وطن سے محبت ہو تو اظہار ہو ہی جاتا ہے۔
بنوں سب ڈویژن وزیر آفس میں چیئرمین ملک مستو خان کی قیادت میں پرچم کشائی کی گئی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا جبکہ تقریب کے آخر میں ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ملک مستو خان نے کہا کہ یہ وطن ہمارے آبا و اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں آزاد ہوا ہے، ہم نے اپنے وطن کی حفاظت ، بقاء اور ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:  فیصلے ضمیر نہیں آئین کے مطابق ہونے چاہئیں، مریم نواز