نگران صوبائی کابینہ

خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کی تشکیل کا معاملہ حتمی مرحلہ میں داخل ،48 تا 72 گھنٹے اہم

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کے مستعفی ہو جانے کے بعد اب نئی کابینہ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران تشکیل پا جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی نگران کابینہ کی تشکیل کا معاملہ حتمی مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے۔ کابینہ کی تشکیل سے متعلق نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کی پشاور اور اسلام آباد میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ 48 سے 72 گھنٹے کے دوران نئی نگران کابینہ کی تشکیل متوقع ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس بار مکمل غیر سیاسی چہروں کو خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا تاہم سابق کابینہ سے کچھ نیوٹرل افراد کی بھی نگران کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں 25 رکنی نگران کابینہ کے تمام استعفے وزیراعلیٰ اعظم خان کو موصول ہوئے تھے جس کے بعد وزیراعلیٰ نے سمری گورنر کو بھیجی اور انہوں نے استعفے منظور کرلیے تھے۔ ذرائع کی جانب سے پوری صوبائی کابینہ کے مستعفی ہونے کے بعد نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کے بھی مستعفی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 9 اعشاریہ 4 بلین ڈالرز تک پہنچ گئے، وزیر خزانہ