بریانی میں بم

اپر دیر، بریانی میں بم رکھ کر چوکی اڑانے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک: دہشت گردوں نے صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیس چوکی کو بم سے اڑانے کے لیے نیا طریقہ اختیار کیا لیکن پولیس اہلکاروں نے کمال ہوشیاری سے اسے ناکام بنا دیا۔ ذرائع کے مطابق ضلع اپر دیر کے علاقے شڑمائی میں دہشت گردوں نے گزشتہ رات پولیس چوکی کے باہر ایک برتن میں بریانی رکھ کر اس میں بم چھپا دیا تا کہ کسی کو شبہ نہ ہو لیکن جیسے ہی ایک پولیس اہلکار کی برتن پہ نظر پڑی تو نہ صرف وہ خود چوکنا ہو گیا بلکہ دیگر ساتھیوں کو بھی چوکنا کردیا۔
پولیس چوکی انچارج نے صورتحال کے متعلق فوری طور پر بم ڈسپوزل یونٹ کو اطلاع دی جس پر اہلکاروں نے شڑمائی پہنچ کر جب رکھے گئے برتن کو کھول کر دیکھا تو اس میں بم نصب تھا جسے علاقے سے دور لے جا کر ناکارہ بنا دیا گیا۔
اپر دیر پولیس کے ترجمان عبدالرحمان نے اس حوالے سے بتایا کہ پریشر کوکر نما ایک برتن کے اندر بریانی رکھی ہوئی تھی جس میں پانچ کلو بارودی مواد موجود تھا، پولیس کی جانب سے بروقت اطلاع ملنے پر دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کو ناکارہ بنا دیا گیا اور پولیس چوکی بڑی تباہی سے بچ گئی۔

مزید پڑھیں:  بنگلہ دیش میں پرتشدد احتجاج، موبائل و انٹرنیٹ معطل